نیٹ میٹرنگ کنکشنز کے لیے آن لائن پورٹل کا فیصلہ، عمل آسان اور شفاف بنانے پر زور

اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کی زیر صدارت نیٹ میٹرنگ کے نئے کنکشنز سے متعلق آن لائن پورٹل کے قیام پر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر توانائی نے اس عمل کو صارفین کے لیے زیادہ آسان، شفاف اور سہل بنانے پر زور دیا۔

اویس لغاری کا کہنا تھا کہ نیٹ میٹرنگ کی درخواستوں کے عمل میں حائل رکاوٹوں کا فوری اور مؤثر حل نکالا جائے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے عملے کو نئے پورٹل کے استعمال کی مکمل تربیت دی جائے، اور اس کا عملی مظاہرہ بھی کیا جائے تاکہ عوام کو بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ صارفین کو آن لائن سسٹم کے فوائد اور شفافیت کے بارے میں آگاہی دینے کے لیے خصوصی مہم چلائی جائے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ اویس لغاری نے انکشاف کیا تھا کہ پاکستان میں جتنے بھی گھروں میں سولر سسٹم نصب ہیں، ان میں سے صرف 5 سے 8 فیصد صارفین نے نیٹ میٹرنگ کروا رکھی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نیٹ میٹرنگ پالیسی کا دوبارہ جائزہ لے رہی ہے تاکہ لوگ جب سولر سسٹم لگائیں تو 3 سے 4 سال میں اپنی لاگت پوری کر سکیں اور اس عمل سے مطمئن ہوں۔

وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ بجلی کے نرخوں میں کمی کے بعد ایک کروڑ 80 لاکھ خاندانوں کے بجلی بلوں میں 60 فیصد تک کمی آئے گی۔ 100 یونٹ تک استعمال کرنے والوں کو پہلے ہی ساڑھے 4 روپے فی یونٹ بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔

Also Check

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *