کراچی میں گرمی اور نمی برقرار، مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، جبکہ شہر کا آسمان جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہر کا درجہ حرارت آج 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ جنوب مغربی سمت سے ہوائیں تقریباً 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، جبکہ فضا میں نمی کا تناسب 72 فیصد کے قریب ریکارڈ کیا گیا ہے۔
گرمی کی شدت کے ساتھ انسانی صحت پر بھی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں، خاص طور پر حساس جلد والے افراد مختلف مسائل کا سامنا کر رہے ہیں، جن میں گرمی دانے ایک عام اور تکلیف دہ شکایت ہیں۔
ماہرین صحت کے مطابق شدید گرمی میں ہر شخص بیمار پڑ سکتا ہے، مگر بعض افراد کو اس موسم میں شدید بیماری لاحق ہونے کا زیادہ خطرہ ہوتا ہے۔
ایسے میں ضروری ہے کہ موسم کی شدت سے بچاؤ کے لیے مناسب تدابیر اختیار کی جائیں تاکہ خود کو اور گھر والوں کو گرمی کے اثرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔
اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو “باکھبر سویرا” میں گفتگو کرتے ہوئے ماہر امراضِ جلد ڈاکٹر کاشف نے مشورہ دیا کہ اس موسم میں پانی کا زیادہ استعمال بہت ضروری ہے تاکہ جسم ہائیڈریٹ رہے۔
انہوں نے بتایا کہ پسینے کی زیادتی کے باعث فنگل انفیکشن کی شکایات میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ باہر نکلتے وقت سن بلاک ضرور استعمال کریں، اور یہ خیال رکھیں کہ سن بلاک واٹر بیس ہو، نہ کہ آئلی۔
ایکنی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ جسم میں پانی کی کمی دور کرنے کے لیے کولڈ ڈرنکس کے بجائے لیموں پانی یا قدرتی جوسز کا استعمال کریں، اور گھی یا تیل میں تلی ہوئی اشیاء سے پرہیز کریں۔