یونان کے جزیرے کریٹ میں زلزلے کے جھٹکے، شہری خوفزدہ

یونان کے جنوبی جزیرے کریٹ میں علی الصبح زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6.1 ریکارڈ کی گئی۔ امریکی جیولوجیکل سروے کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز ایلونڈا کے شمال مشرق میں تقریباً 58 کلومیٹر کے فاصلے پر سمندر میں واقع تھا، جبکہ اس کی گہرائی 69 کلومیٹر تھی۔
تاحال کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ترکی کے وسطی علاقے کونیہ کے کولو ضلع کے قریب بھی 5.2 شدت کا زلزلہ آیا تھا، جس کے جھٹکے دارالحکومت انقرہ سمیت کئی قریبی شہروں میں بھی محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے بعد شہریوں میں خوف کی فضا قائم ہو گئی تھی۔
ترکی کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق اب تک کوئی جانی یا مالی نقصان رپورٹ نہیں ہوا، تاہم امدادی ٹیمیں فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں روانہ کر دی گئی تھیں۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ ترکی دنیا کے ان خطوں میں شامل ہے جہاں زلزلے اکثر آتے ہیں۔ فروری 2023 میں آنے والا تباہ کن زلزلہ ترکی اور شام کے لیے قیامت خیز ثابت ہوا تھا، جس میں ترکی میں 59 ہزار اور شام میں لگ بھگ 8 ہزار افراد جاں بحق ہو گئے تھے، جب کہ ہزاروں عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئی تھیں۔